مکرمی! وزیراعلیٰ پنجاب کی ماڈل ٹاؤن والی رہائش گاہ سے تقریباً ایک سو گز کے فاصلہ پر فیروز پور روڈ کے نیچے سے گزر کر ایک گندہ نالہ ٹاؤن شپ کی طرف رواں دواں ہے یہ نالہ 1962ء میں بنایا گیا تھا۔ نالے سے مٹی نکال کر اس کے دونوں کناروں پر کچی سڑکیں تعمیر کی گئی تھیں جو آج تک کچی چلی آ رہی ہیں۔ پانچ سال پہلے نالے کے دونوں کناروں پر دیواروں کی تعمیر شروع کی گئی تھی۔ یہ ابھی تک زیر تعمیر ہیں دوسال پہلے سڑکوں کے کناروں سے غیر قانونی تعمیرات گرا دی گئی تھیں لیکن ابھی تک پکی سڑک کی تعمیر شروع نہیں ہوئی۔ گندے پانی کا نالہ آبادیوں کوٹ لکھپت آر بلاک، ایس بلاک خادم پارک، لیاقت آباد اور پنڈی راجپوتاں کے درمیان سے گذر رہا ہے۔اس کی بدبو سے مختلف بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ نالے کی تہ کچی ہونے کی وجہ سے نالے کا گندا پانی زیر زمین پینے کے پانی میں شامل ہو رہا ہے برسات میں یہ پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے یہ علاقہ بھی خوبصورت لاہور کا ایک حصہ ہے پکی سڑک کی تعمیر سے ان آبادیوں کے مکینوں کی مشکلات ختم ہو سکتی ہیں۔ دادرسی فرمائی جائے۔ (رانا طالب حسین، خادم حسین، اللہ دتہ، محمد شبیر وغیرہ اور دیگر اہلیان علاقہ)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024