وزیراعلیٰ سندھ سے ثروت قادری کی وفد کے ہمراہ ملاقات`
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ‘ ملاقات میں کراچی کی ترقی اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ثروت اعجاز قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا امن وامان اور کراچی کی بہتری کیلئے کی جانے والی کاوشیں ترقی کی طرف قدم ہے‘ کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ‘کراچی کو امن وامان کا گہوارہ بنانے کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ‘عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت اپوزیشن اور اسمبلی سے باہر کی جماعتوں کو مشترکہ اور سنجیدہ جدوجہد کرنا ہو گی‘ کراچی کے مستقل اور پائیدار امن کا قیام چاہتے ہیں ‘اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا ہمارا اخلاقی‘ سیاسی اور معاشرتی فرض ہے انشاء اللہ سندھ کی ترقی وخوشحالی کیلئے آئندہ بھی کام کرتے رہیں گے‘ سنی تحریک کی عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد بہتر اقدام ہے۔ وفد میں پاکستان سنی تحریک کے رہنما فہیم الدین شیخ ‘محمد مبین قادری‘ محمد طیب قادری بھی موجود تھے۔
ثروت قادری