اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی
کراچی(کامرس رپورٹر )ہفتہ کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی تاہم یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 118.20روپے اور قیمت فروخت 118.70روپے پر بدستور برقرار رہی تاہم یورو کی قدر میں75پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 138.25روپے سے کم ہو کر137.50روپے اور قیمت فروخت 139.75روپے سے کم ہو کر139روپے ہو گئی اسی طرح25پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 157.75روپے سے گھٹ کر157.50روپے اور قیمت فروخت159.25روپے سے گھٹ کر159روپے ہو گئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں استحکام دیکھا گیا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں اسی مدت کے دوران ڈالر کی قدر1روپے بڑھ گئی جبکہ یورو کی قدر میں 30پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت کے دوران برطانوی پونڈ کی قدر میں بھی استحکام رہا ۔