اسلام آباد (خبر نگار) پولیو کے خاتمے کے لیے جاری قومی کوششوں کے تحت نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے نیشنل پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ درپیش چیلنجز پر تفصیل سے غور کیا گیا اور اپریل اور مئی میں ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہمات کے لیے حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کی۔ اجلاس میں قومی و صوبائی کوآرڈنیٹرز کور گروپ کے ارکان اور دیگر اہم شراکت داروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن نے موجودہ صورتحال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔ نیشنل پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس ایک اہم موقع ہے جہاں ہم اپنی حکمت عملی کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر اس میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے تاکہ آئندہ مہمات کامیاب ہوں۔
نیشنل پولیو مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس، چیلنجز پر تفصیلی غور
Mar 27, 2025