واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اعلی عہدیداروں کی خفیہ چیٹ میں کوئی معلومات افشا نہیں کی گئیں، حوثیوں پر حملوں سے متعلق چیٹ میں خفیہ معلومات نہیں تھیں،واقعہ معمولی غلطی تھی ۔ وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چیٹ کی تحقیقات ایف بی آئی کا مسئلہ نہیں، قومی سلامتی کے مشیر بہترین کام کر رہے ہیں، انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس بہترین سگنل ٹیکنالوجی ہے، یوکرین کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے، مشرق وسطی سے متعلق بھی پیشرفت ہو رہی ہے، روس سے پابندیاں ہٹانے سے متعلق درخواست آئے گی تو غور کریں گے، بلیک سی ڈیل کیلئے شرائط کا جائزہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو دی اٹلانٹک میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کے بعد مزید مسائل کا سامنا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایڈیٹر انچیف جیفری گولڈ برگ کو ایک گروپ چیٹ میں شامل کیا گیا تھا جہاں اعلی حکومتی حکام یمن میں بمباری کے منصوبوں پر بات کر رہے تھے۔دوسری جانب یمن وار پلان لیک کا معاملہ ٹرمپ انتظامیہ کے گلے پڑ گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے چیٹ گروپ بنانے کی ذمہ داری مان لی، تحقیقات کی ذمہ داری ایلون مسک کو سونپ دی ۔صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ مائیک والٹزمحب وطن ہیں اور شاندار کام کر رہے ہیں،ایسی معمولی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ ادھر کانگریس میں ہائوس مینارٹی لیڈر حکیم جیفریز نے صدرٹرمپ کوخط لکھ کروزیردفاع پیٹ ہیگزیتھ کو فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
حوثیوں پر حملوں سے متعلق چیٹ میں خفیہ معلومات نہیں تھیں: ٹرمپ
Mar 27, 2025