تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور پنجاب یونیورسٹی اور اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اور ممتاز ماہر معاشیات ڈاکٹر رفیق احمد طویل علالت کے بعد گذشتہ روز 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم نے ساری زندگی تعلیم کے فروغ اور نظریہ پاکستان کی آبیاری میں صرف کی۔ وہ حقیقی معنوں میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے بانی جناب مجید نظامی مرحوم کے جانشین ثابت ہوئے۔ عمر رسیدگی کے باوجود ان میں وہی جوانوں والا ولولہ بیداررہا۔ وہ آخری وقت تک اس پلیٹ فارم سے قائداعظم اور علامہ اقبال کے پیغام کو نوجوانوں تک پہنچاتے رہے۔ بطور ماہر تعلیم وہ طالب علموں کے لیے اچھے استاد محقق اور ماہر علوم ثابت ہوئے۔ ان کا دوربطور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی تاریخ میں ایک خوبصورت باب بن کر تادیر جگمگاتا رہے گا۔ ادارہ نوائے وقت ان کی رحلت کے غم میں لواحقین کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔ ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا گو ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024