وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوہاٹ میں گیس پراسیسنگ پلانٹ تولنج کاافتتاح کردیا، منصوبے سے 2کروڑکیوبک فٹ گیس یومیہ پیداہوگی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوہاٹ میں گیس پراسیسنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوامیں یہ گیس کی فراہمی کاسب سے بڑامنصوبہ ہے۔ منصوبے کیلئے تعاون پرصوبائی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے دو کروڑ کیوبک فٹ یومیہ گیس پیدا ہو گی۔ منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ تولنج منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کوگیس کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دو ہزار تیرہ میں جب مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی تو ملک میں کئی بحران تھے، اس وقت ملک میں گیس کی شدید قلت تھی جسے دور کر دیا گیا ہے۔