ایچ ای سی نے پانچ ہزار بیروزگار نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے 16 اپریل تک درخواستیں طلب کر لیں
اسلام آباد (اے پی پی) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک کی بہترین جامعات میں پانچ ہزار بیروزگار نوجوانوں کو تربیت دینے کے لئے 16 اپریل تک درخواستیں طلب کر لیں۔ پیر کو ایچ ای سی حکام نے بتایا یہ پروگرام حکومت کے ویژن 2025 کے تحت شروع کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے پانچ ہزار ہونہار بیروزگار نوجوانوں کو پاکستان کی بہترین جامعات میں تربیتی مواقع دیئے جائیں گے۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن اس پروگرام پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہو گا۔ ذرائع کے مطابق یہ تربیتی پروگرام چار ماہ پر مشتمل ہو گا جس میں ان نوجوانوں کو بہتر ملازمت کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔
جبکہ مقامی طالب علموں کو پانچ ہزار جبکہ شہر کے باہر کے امیدواروں کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے لئے اہلیت 16 سالہ تعلیم اور عمر کی حد 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ تربیت میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہو گا۔ یہ تربیت 14 مختلف شعبوں میں فراہم کی جائیں گی۔