نجی میڈیکل کالج کے طلباء کا کالج انتظامیہ اور پی ایم ڈی سی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)جلالپور جٹاں (گجرات) کے نجی میڈیکل کالج کے طلباء کا کالج انتظامیہ اور پی ایم ڈی سی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ،طلبا نے کہا کہ لاکھوں روپے فیسیں وصول کرنے کے بعد کالج انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی سے امتحان دلوانے اور رجسٹرڈ کروانے سے انکار کر دیاہے،چیف جسٹس ، جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں ہمارا حق دلوائیں۔تفصیلات کے مطابق حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج جلالپور جٹاں (گجرات)کے طلباء نے پیر کو نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔طلباء نے کالج انتظامیہ اور پی ایم ڈی سی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔طلباء نے کہا کہ حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج جلالپور جٹاں (گجرات)نے سال 2016-17کے سیشن میں ایم بی بی ایس پروگرام کے لیے سو طلباء کو داخلہ دیا اور لاکھوں روپے فیس وصول کی جبکہ طلباء سے ڈونیشن کے نام پر بھی لاکھوں روپے لیے گئے ۔طلبا نے کہا کہ اب جبکہ پورا سال پڑھانے کے بعد سالانہ امتحانات کا وقت آ چکاہے ،طلباء کو پی ایم ڈی سی سے امتحان دلوانے اور رجسٹرڈ کروانے سے انکار کر دیا گیا ہے۔طلبا نے کہا کہ کالج انتظامیہ اور پی ایم ڈی سی کی ملی بھگت کی وجہ سے 100طلبا ء کا مستقبل دائو پر لگا دیا گیا ہے ۔والدین اپنی پوری عمر کی کمائی بچوں پر لگا چکے ہیں،جو ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔طلباء امتحانات میں بیٹھنے کی بجائے سڑکوں پر بیٹھے ہیں ۔طلباء نے کہا کہ ہم اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے ،جب تک ہماری داد رسی نہیں کی جاتی۔طلبانے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں ہمارا حق دلوائیں۔انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کیطرف سے دھمکیاں ملنے اور پچھلے پانچ مہینے سے ذہنی اذیت کی وجہ سے بچے اب سڑکوں پر ہیں۔