خواتین پر تشدد اور بچوں سے زیادتی کے واقعات روکنے کیلئے تحفظ کی پالیسی بنائی جائیگی
اسلام آباد (اے پی پی) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کو روکنے کیلئے ایک ہی چھت کے نیچے تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اسلام آباد پولیس اس مقصد کیلئے خصوصی امدادی مراکز قائم کر رہی ہے، ماہرین قانون، ڈاکٹروں سمیت ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمد چوہان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ناصر محمود ستی، ایس ایس آپریشنز نجیب الرحمان بگوی، ایس پی سٹی احمد اقبال، ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیرا اعظم کے علاوہ ہیومن رائٹس اینڈ جینڈر واچ کمیٹی اور مصالحتی کمیٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی سنٹر کے قیام کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں خواتین پر تشددکی روک تھام اور بچوں کی حفاظت کیلئے ایک چھت تلے خدمات فراہم کرنا ہے اور اس میں ڈاکٹر، سکالر، لیگل ایڈوائزر بھی میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل آبادی کا 50 فیصد سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور اس طرح کے سنٹر کا قیام دور حاضر کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور کمزور طبقہ کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے اس سلسلہ میں ویمن پولیس سٹیشن اسلام آباد کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے اسلام آباد پولیس کی زیر نگرانی ایک ہیومن رائٹس اور جینڈر واچ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جو اس طرح کے کیسز کی نگرانی کرے گی اور ایسے کیسز کی تحقیقات اور ان کے ازالہ کے لئے بھی اقدامات کرے گی ۔آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ اس سنٹر کیلئے ایک پولیس موبائل گاڑی اور ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہے جو کسی بھی جگہ سے اس طرح کے کیس کی کال پر پانچ سے سات منٹ میں ریسپانس کرے گی۔ اسی طرح اس سنٹر کو اسلام آباد پولیس کی تمام ہیلپ لائنز سے بھی لنک کیا گیا ہے جبکہ وائلیشن کیسز کیلئے 8090 ہیلپ لائن بھی بنائی گئی ہے جس پر بذریعہ کال یا ایس ایم ایس رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ میٹنگ میں شریک خواتین نے آئی جی اسلام آباد کو مختلف تجاویز دیں جن پر انہوں نے فوری عمل درآمد کروانے کے لئے احکامات جاری بھی کر دیئے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔