کے الیکٹرک گرلز فٹبال لیگ نسیم حمید فٹبال اکیڈمینے جیت لی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)نسیم حمید فٹبال اکیڈمی ایف سی نے کراچی میں ہونے والی کے الیکٹرک گرلز فٹبال لیگ جیت لی۔ نسیم حمید فٹبال کلب نے مارٹاویمن فٹبال کلب کو ایکسٹرا ٹائم میں پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 2-0سے شکست دے کر ٹرافی کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے بطور انعام حاصل کئے۔کے الیکٹرک کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی لڑکیوں کی پہلی کارپوریٹ فٹبال لیگ میں آٹھ فٹبال ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں 128خاتون فٹبالرزنے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کا اہتمام کے الیکٹرک اور نسیم حمید فٹبال اکیڈمی نے مشترکہ طور پرکیا تھا۔شریک ٹیموں میں نسیم حمید فٹبال اکیڈمی، آغا خان جیم خانہ، ینگ مسلم ویمن فٹبال کلب، مارٹا ویمن فٹبال کلب، کراچی ککرز فٹبال اکیڈمی، محسن گیلانی فٹبال اکیڈمی، ایلیٹ اسپورٹس اکیڈمی اور سوشل بانڈ فٹبال کلب شامل تھیں۔کے الیکٹرک میں اسپورٹس مارکیٹنگ اور ای ایس جی کی ڈپٹی ڈائریکٹر، زہرہ مہدی نے کہا اس ٹورنامنٹ کے کامیاب اختتام نے کے الیکٹرک کوپاکستان کا پہلا کارپوریٹ ادارہ بنادیا ہے جس نے یہ اہم قدم اٹھایا ہے، جس کا مقصدفٹبال اور دیگر کھیلوں میں شرکت کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ان نوجوان خاتون فٹبالرز کو فٹبال پچ پر کھیلتے ہوئے دیکھنا قابل دید تھا۔مہمان خصوصی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز، ڈاکٹر نیاز عباسی تھے۔ اس کے علاوہ نسیم حمید فٹبال کے سابق اسٹار بلوچستان کے سابق منسٹر برائے اسپورٹس، کرنل )ریٹائرڈ) یونس چنگیزی اور کے الیکٹرک کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔