’’حکومتی آراء اور موقف کا بہترین ترجمان ریڈیو پاکستان‘‘
شکیل گیلانی
ریڈیو پاکستان ایک بڑا قومی نشریاتی ادارہ جو ہمہ وقت اپنی ٹرانسمیشن جاری رکھے ہوئے ہے تا کہ سامعین کو تازہ ترین ملکی وغیر ملکی صورتحال سے بذریعہ خبر و اطلاعات با خبر رکھے اس ادارے کے ماسوائے چند کے باقی سب محنتی ، قابل اور ان تھک خدمات پیش کرنے والے ملازمین ہیں بہت سے ملازمین جب ادارے میں ملازمت حاصل کرتے ہیں تو انکے عزائم اور ارادے آسمان سے بلند اور سمندر سے وسیع ہوتے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ شمع جوش و جذبہ مدھم ہو جاتی ہے جبکہ اس بڑے قومی نشریاتی ادارے میں ملازمین کیلئے سرکاری قوانین کے مطابق تمام سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں ملک کے طول و عرض میں ریڈیو پاکستان کے کئی مراکز قومی خدمات سر انجام دے رہے ہیں مگر سوائے چند بڑے مراکز کے فنکاروں ، صداکاروں اور اداکاروں میں پسماندگی بڑی نمایاں ہے کیونکہ مالی وسائل کی کمی کے باعث نہ تو وہاں کوئی خاص پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں اور نہ ہی ان کیلئے کام کرنے کے مناسب مواقع موجود ہوتے ہیں جسکی وجہ سے ان علاقوں کی نہ صرف ثقافت متاثر ہوتی ہے بلکہ اس پر کئی سوالیہ نشان بھی ہیں۔ لہٰذا حکام بالا کو اسطرف ضرور خصوصی توجہ دینی چاہئے تا کہ دور دراز کے رہنے والے بھی ریڈیو پاکستان کی نشریات سے فیض یاب ہوں تا کہ علاقائی سطح پر بھائی چارے اور محبت کا فروغ جاری رہے۔
دورِ حاضر میں میڈیا انڈسٹری جسطرح تیزی سے ترقی کر رہی ہے ریڈیو پاکستان ترقی کی اس دوڑ میں شامل تو ضرور ہے مگر پیش رفت میں سست روی نمایاں ہے یہ بات کہنا بے جا یا غلط نہ ہے کہ حکومتی نقطۂ نظر کو جسطرح ریڈیو پاکستان اجاگر کرتا رہا ہے آج اس کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کیونکہ حکومتی سطح پر با ضابطہ سر پرستی کا فقدان ہے حکومتی وزراء اور نمائندے وفاقی سطح پر ہر جگہ موقف کی ذاتی طور پر وضاحت کر رہے ہوتے ہیں جبکہ ریڈیو پاکستان کو ان موقعوں پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے جس سے حکومتی موقف عوام تک نہیں پہنچ پاتا، ریڈیو پاکستان کی ہی آواز عوام میں مقبول ہے لہٰذا تجویز ہے کہ ریڈیو پاکستان کو صحیح مقام اور درجہ دیا جائے جسکا یہ قومی ادارہ حقدار ہے تا کہ حکومتی آواز و آراء اور موقف کی بہترین اور موثر نمائندگی کی جا سکے، امید ہے اہل اقتدار اس سے اتفاق فرمائیں گے۔
ریڈیو پاکستان کے ڈی جی (DG) شفقت جلیل پچھلے دنوں لاہور ریڈیو تشریف لائے انہیں بریفننگ دی گئی ساتھ ہی انہوں نے ریڈیو پاکستان کے تمام یونٹس جن میں ایف ایم101، شعبہ سیلز اور سنٹرل پروڈکشن یونٹ شامل ہیں، کا دورہ بھی کیا ضروری ہدایات کے علاوہ پروگراموں کے معیار مزید بہتر کرنے پر زور دیا اسی دوران انہوں نے براڈ کاسٹنگ ہائوس(BH)کے تمام سٹوڈیوز ماسٹر کنٹرول روم(MCR) اور خاص طور پر نور جہاں آڈیٹوریم کا دورہ بھی کیا اور وہاں موجود سٹاف سے ملاقات کے بعد ٹرانسمیشن کے معاملات بارے بات چیت بھی کی کیونکہ ریڈیو پاکستان لاہور تاریخی اہمیت کے علاوہ وطن عزیز کا بے حد حساس اور منفرد مرکز ہے ڈی جی ریڈیو پاکستان کو لاہور مرکز سے نشر کئے جانے والے مختلف پروگراموں بارے بھی بتایا گیا ساتھ ہی انکی توجہ اسطرف بھی مبذول کرائی گئی کہ ابھی ادارے کیلئے بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے جس پر انہوں نے بھر پور کوشش کا یقین دلایا۔
ریڈیو پاکستان لاہور کی ڈائریکٹرنزاکت شکیلہ نے لاہور مرکز پر ڈی جی ریڈیو پاکستان شفقت جلیل کی پہلی آمد پر سٹاف کے ہمراہ شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح لاہور ریڈیو انکی ہدایات کی روشنی میں سامعین کے ذوق سماعت پر انشاء اللہ آئندہ بھی پورا اترے گا۔