مال روڈ کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے31 مارچ تک کھول دیا جائیگا: چیف انجینئر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپریم کورٹ کے حکم پرلاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے بنائی گئی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کا چھٹا اجلاس گزشتہ روز جسٹس (ریٹائرڈ) زاہد حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے ‘ پرا جیکٹ ڈائریکٹر اورنج لائن میٹروٹرین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تاریخی مقامات کے قریب جاری تعمیراتی کاموں اور منصوبے کے حوالے سے دیگر مختلف امور پر غور کیا گیا-کمیٹی کے چیئرمین نے اجلاس میں موجود ارکان سے گزشتہ میٹنگ میں دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے نے یقین دہانی کرائی کہ مال روڈ کو یک طرفہ ٹریفک کے لئے 31 مارچ تک کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے باعث عوام کو انصاف تک رسائی کے لئے جو مشکلات پیش آرہی ہیں اس کے لئے لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کا راستہ بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کئے جا رہے ہیں۔