حکو مت کو صرف مدت نہیں عدت بھی پوری کرنے دی جائے‘ حافظ حسین
سکھر (نامہ نگار) جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کی تمام جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ نگران حکومت کے قیام کا معاملہ مل بیٹھ کر حل کریں اور اگر یہ معاملہ عدالت میں چلا گیا تو سب کیلئے مسئلہ ہو گا حکومت کو صرف مدت ہی نہیں عدت بھی پوری کرنے دی جائے مگر بعض سیاستدان کسی حکومت کو نہ اس کی مدت پوری کرنے دیتے ہیں اور نہ عدت پوری کرتے انہیں دیکھ سکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ حقانیہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت عجیب سی صورتحال ہے عام آدمی کو تو پہلے ہی انصاف نہیں ملتا تھا مگر اب تو حکومت اور اپوزیشن تک یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں انصاف نہیں مل رہا تو اس صورتحال میں بیچاری غریب قوم کہاں جائے ملک اس وقت جن حالات کا شکار ہے اس میں اس کی سالمیت اور جمہوریت کی بقا کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا اور شائستگی و دلیل کی بنیاد پر بات کرنا ہو گی مگر بدقسمتی سے ہمارے کچھ رہنما ایک دوسرے کے خلاف جس زبان میں بات کر رہے ہیں اس سے ماحول کشیدگی کی طرف جا رہا ہے ان کی بدزبانی کا اثر ان کے ورکروں پر بھی پڑ رہا ہے اور جوتے پھینکنے اور سیاہی انڈیلنے کے واقعات اسی بدزبانی کا اثر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے خود پارلیمنٹ کو چھوڑ کر عدالت کا راستہ اختیار کیا اگر وہ عدالت کو خط نہ لکھتے تو آج یہ رسوائی ان کا مقدر نہ ہوتی۔