ایمانداری اور خلوص نیت سے خدمت کرنیوالی قیادت کو عوام دلوں سے نہیں نکالتے: شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اوران عظیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن میںاوورسیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف دے چکاہے اوراس ادارے کے قیام کی بدولت اب کوئی بیرون ملک مقیم عظیم پاکستانیوں کی جائیداد یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کر سکتا-انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ادارے کی محنت اور جذبہ قابل ستائش ہے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے ٹیم ورک کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اورادارے نے لالچ ، حرص اور خوف کی بیڑیوں کو توڑ کر پاکستانیوں کی خدمت کی ہے- انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے-دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور تعلیم ،صحت ،کھیل،ٹیکنالوجی اوردیگر شعبوںمیںان عظیم پاکستانیوں نے ملک و قوم کا نام روشن کیاہے اوراوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب کے ادارے کا قیام بھی خدمت خلق کی ایک اعلی مثال ہے-انہوں نے کہا کہ ایمانداری ، سچائی اور خلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنے والی قیادت کو عوام کبھی دلوں سے نہیں نکالتے- پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔