عمران خان صاحب! شہباز شریف کیساتھ حسد نے آپ کو ذہنی مریض بنا دیا‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کے ساتھ حسد نے آپ کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، شہباز شریف نے لوگوں کی خدمت کی ہے اس لئے خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بھی شہباز شریف جیسا وزیر اعلیٰ چاہیے، دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے آپ خیبرپختونخوا میں کسی سکول کی ایک دیوار،کسی ہسپتال کا نیا کمرہ ہی دکھا دیں؟ خان صاحب آپ نے آج بھی امپائر کی اْنگلی پکڑی ہوئی ہے، سینیٹ کا الیکشن چوری کرنیو الا شخص کیا جانے عوامی خدمت کیا ہوتی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میٹروبس ، اورنج ٹرین ،بس سروس کھیت سے مارکیٹوں تک سڑکوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر دیکھ کے شرم تو آتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پنجاب میں 36 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو جدید بنایا گیا ہے، ہسپتالوں میں بہاولپور ہسپتال ،طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ، چلڈرن ہسپتال فیصل آباد،ملتان کڈنی سینٹر،راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی،شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال،برن سینٹر ملتان ،سرجیکل ٹاور لاہور،میو ہسپتال اور پنجاب کے نئے ٹیچنگ ہسپتال کا دورا کریں اگر جھوٹ کے دوروں سے فرصت ملے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ تمام منصوبے فزیبلٹی اور ایم او یوز پر نہیں بلکہ زمین پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کو ملتان، راولپنڈی اور لاہور میٹرو بس اور لاہور۔ملتان بس سروس دیکھ کر شرم تو آتی ہو گی؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ساہیوال۔بلوکی ،حویلیاں۔بہادر شاہ اور بھکی پاور پراجیکٹ دیکھ کر آپ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ شور مچا کر اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے مقابلہ کرنے سے پہلے ایک میٹرو ، ایک نیا ھسپتال ، ایک 100 میگاواٹ توانائی کا پراجکٹ اور ایک فرانسک لیب بنا کر دکھائیں۔ چلیں ڈینگی پر قابو پا کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے آپ خیبرپختونخوا میں کسی سکول کی ایک دیوار،کسی ہسپتال کا نیا کمرہ ہی دکھا دیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب احتساب کمشن کا تالا کھولیں، سینیٹ کا الیکشن چوری کرنے والا شخص کیا جانے عوامی خدمت کیا ہوتی ہے۔