الیکشن کمشن اور یوسی دفاتر میں ووٹر لسٹیں آویزاں، لاہور میں 283 ڈسپلے سنٹر قائم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ این این آئی) عام انتخابات کےلئے ووٹر لسٹیں الیکشن کمشن اور یو سی دفاتر میں آویزاں کردی گئیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق عوام 31 مارچ تک ووٹرز لسٹوں میں اپنے کوائف درست کراسکتے ہیں اور وفات پانے والے افراد کے عزیز ان کا ووٹ منسوخ کرائیں۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ شہری نئے ووٹ کے اندراج، تبدیلی اور کوائف کےلئے فارم جمع کرائیں جبکہ ووٹ کے اندراج کا فارم اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے۔ الیکشن کمشن نے ووٹروں کو ہدایت کی کہ 31 مارچ تک ووٹر لسٹوں میں کوائف تبدیل کرائے جاسکتے ہیں جبکہ ایڈریس کی تبدیلی شناختی کارڈ پر درج ایڈریس کے مطابق کی جائےگی اور نیا ایڈریس لکھوانے کے لئے پہلے شناختی کارڈ پر ایڈریس تبدیل کرانا ہوگا۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ووٹ اندراج کا مقام جاننے کےلئے شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ این این آئی کے مطابق الیکشن کمشن نے ووٹ میں تبدیلی کے لئے لاہور میں ڈسپلے سنٹر قائم کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 283 ڈسپلے سنٹر قائم کیے گئے ہیں جن میں میں ووٹ کا اندراج یا اسے تبدیل کرایا جا سکے گا۔ الیکشن کمشن کے مطابق ووٹ تبدیل کرانے کی آخری تاریخ 31 مئی 2018ءہے۔
ووٹر لسٹیں