مسلح افواج کی دفاعی ضروریات پوری کریں گے‘ وزیراعظم: جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں +نوائے وقت رپورٹ)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا ۔وزیر دفاع خرم دستگیر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ان کا استقبال کیا ۔ وزیراعظم کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔وزیراعظم کو مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بتایا گیا کہ پاکستان کی افواج کسی بھی قسم کے چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پرتیار ہیں ۔ وزیراعظم نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور دفاعی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے افواج کی قربانیوں خصوصاًشہداء کوخراج عقیدت پیش کیا ۔ دریں اثناء وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر سے گفتگو کر رہے تھے جنہو ں نے وفد کے ہمراہ وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ می ہیدی اینڈو کی قیادت میں وفد نے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کووسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے چیئر مین سنگھائی الیکٹرک پاور کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعظم کو کے الیکٹرک اکثریتی حصص کے حصول پر صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت شنگھائی الیکٹرک پاور سے تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت توانائی اور تعلیم کے شعبے کو آزاد کرنے کیلئے پر عزم ہے حکومت ریگولیٹری فریم ورکس کی تکمیل میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔