ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 سیریز‘ قومی سکواڈ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کی سفارش پرویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ اعلان سے قبل کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے بھی مشاورت کی گئی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز یکم، 2 اور تین اپریل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی۔ پی ایس ایل میں بہترین سکور بنانے والے وکٹ کیپر کامران اکمل کو نظرانداز کر دیا گیا۔ شاندار کارکردگی پر آصف علی، حسین طلعت اور شاہین آفریدی، راحت علی کو قومی ٹیم میںشامل کیاگیا ہے۔ عماد وسیم اور رومان رئیس کو انجری مسائل اور محمد حفیظ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ پندرہ رکنی سکواڈ میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، سرفراز احمد (کپتان/ وکٹ کیپر)، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ دوسری طرف آئی سی سی نے بھی سیریز کے لیے آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔سیریز کو پاکستانی امپائرز ہی سپروائز کریں گے جبکہ آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔