5 برسوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی 11 ماہ کے اندر میٹرو بنائی، یہ ڈرامہ ہے تو کرتے رہیں گے: ترجمان پنجاب حکومت
لاہور (صباح نیوز) ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان نے عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی صاحب جھوٹ جتنا بھی بولیں جھوٹ ہی ہوتا ہے۔ عمران خان عنقریب ’’بلین لائیز‘‘ بولنے کا ریکارڈ قائم کرنے والے ہیں۔ ہاںجی! ہم ڈرامے کرتے ہیں، ہم نے صرف گیارہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں میٹرو بس بنا ڈالی۔ شہباز شریف نے پاکستان کا سب سے پہلا اور سب سے بڑا کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ بنا ڈالا، کیا نیازی صاحب اس کو ڈرامہ کہیں گے؟ پاکستان کے ساڑھے تین لاکھ ذہین بچوں کو سکالرشپ دے کر ان کا مستقبل محفوظ کر دیا۔ اگر یہ ڈرامہ ہے تو ایسے ڈرامے ہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف نے صرف پانچ سال میں ہزاروں میگاواٹ بجلی بنا ڈالی، اللہ تعالی عمران خان کو بھی ایسے ڈراموں کی توفیق دے۔ ترجمان نے کہا خادم اعلی کو تاریخ میں ترقی کا ہیرو لکھا جائے گا اور نیازی صاحب کو ولن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ اصل ٹریجڈی ڈرامہ تو وہ تھا جو دھرنا پارٹی نے ڈی چوک میں پیش کیا تھا۔
ترجمان پنجاب حکومت