ہائیکورٹ: کالے تیتروں کے تحفظ کے حوالے سے درخواست پر جنگلی حیات کے حکام طلب
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے کالے تیتروں کی نسل کے تحفظ اور ان کی چوری کے بارے میں درخواست پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے حکام طلب کر لیا ہے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی نے شیراز ذکا ء ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں بہاولپور کے لال سوہان پورہ باغ سے کالے تیتر چوری کے واقعہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ کالے تیتر نایاب پرندے ہیں اور ان کی نسل تیزی سے ختم ہو رہی ہے لیکن حکومت اس کی نسل کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔ باغ انتظامیہ کی غفلت کے باعث کالے تیتر چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا لیکن کوئی قابل ذکرکارروائی نہیں کی گئی انہوں نے استدعا کی کہ کالے تیتر کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی جائے۔