بلوچستان کے قبائلی عمائدین کا آج وزیراعظم کیخلاف مظاہرے کا اعلان
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے بارے میں بیان سے اہل بلوچستان میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اس حوالے سے آج منگل کو کوئٹہ میں شہریوں کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گئی جو مختلف شاہرائوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوجائے گئی بلوچستان میں بسنے والی اقوام بلوچ پشتون ہزارہ اورآباد کار سمیت دیگر اقوام کے معتبرین نے ایک مشترکہ بیان میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین سینیٹ کے حوالے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کیخلاف توہین آمیز بیان دیکر اہل بلوچستان کیساتھ ساتھ ایوان بالا جیسے آئینی ادارے کی بھی توہین کی ہے ،ان معتبرین کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے ملک کی دو بڑی جماعتوں سمیت دیگر فیڈریشن کی حامی جماعتوں اور گروپوں نے کھلے دل کے ساتھ بلوچستان کی حمایت کی اور بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر صادق سنجرانی کو کامیاب کرایا ،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے توہین آمیز الفاظ سے بلوچستان کے اراکین اسمبلی کے مینڈیٹ کی بھی توہین ہوئی ہے تمام اراکین اسمبلی نے سینیٹ کے الیکشن میں بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ووٹ دے کر سینیٹرز منتخب کئے اور جو یہاں سے منتخب ہو کر سینیٹرز گئے ان کا ماضی بے داغ ہے اور یہ نوجوان منتخب سینیٹرز قائدانہ صلاحیتیں رکھتے ہیں اور وہ بلوچستان کا کیس بھی موثر طریقے سے آٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود خیراتی نشست پر وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھے ہیں انکے اور انکے قائدین کے رویوں سے ہی آج مسلم لیگ (ن)کو بلوچستان میں جو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے وہ بھی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔
بلوچستان/ عمائدین