شریف خاندان اور اسحاق ڈار کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈریفرنس اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے خلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت آج ہو گی،اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے ۔ ایون فیلڈریفرنس میں پاناما جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کا بیان آج بھی ریکارڈ کیاجائے گا جبکہ شریف خاندان کے وکلاء واجد ضیاء پر جرح کریں گے،دوسری جانب اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات کیس میں دائر ضمنی ریفرنس میں صدر نیشنل بینک سعید احمدسمیت اسحاق ڈار کے شریک تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ایون فیلڈ ریفرنس کی گزشتہ سماعت پر عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی ایک ہفتے کے لیے عدالت میں پیشی سے استثنی کی درخواست مسترد کردی تھی۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں پاناما جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کا بیان چوتھی سماعت پربھی مکمل نہ ہوسکاتھا ۔احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات کیس میں دائر ضمنی ریفرنس کی گزشتہ سماعت پرصدر نیشنل بینک سعید احمد کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی اورصدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت اسحاق ڈار کے تین شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27مارچ کی تاریخ مقررکی تھی۔ ضمنی ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
ضمنی ریفرنس