قدیم گوٹھ خیرمحمد خاصخیلی میں بھوک افلاس کا نوٹس لے لیا گیا
کراچی ( لیڈی رپورٹر ) نوائے وقت میں خبر کی اشاعت کے بعد ،پیپلز پارٹی ملیر کے جانب سے خیر محمد خاصخیلی گوٹھ میں خوراک کی قلت کا نوٹس لے لیا گیا۔ پی ایس 130 کے صدر ودیگر عہدیداران 15 سے زائد غریب بیوائوں اور خواین کے لئے راشن لیکر پہنچ گئے۔ بیروزگار نوجوانوں اور بیوائوں کو مختلف اداروں میں نوکریاں دلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لنک روڈ کے قریب یونین کونسل چوہر کے قدیم گوٹھ خیر محمد خاصخیلی میں مختلف بیماریوں، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث پھیلنے والی بے چینی کے متعلق نوائے وقت کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے پیپلز پارٹی ملیر پی ایس 130 کے صدر امداد جوکھیو، انفارمیشن سیکریٹری ستار بٹ اور یونین کونسل 22 کے چیئرمین رائو صفدر ودیگر خیر محمد خاصخیلی گوٹھ کے غریب لوگوںکیلئے ایک ماہ کا راشن دینے کیلئے پہنچ گئے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی پی ایس 130کے صدر امداد جوکھیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے احسان مند ہیں جنہوں نے خیر محمد خاصخیلی گوٹھ کے مسائل، غربت، بھوک اور بدحالی کو منظر عام پر لاکر ہماری توجہ اس طرف دلائی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے ہم کسی بھی غریب کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ گوٹھ میں میٹھا پانی پہنچانے کیلئے 6کروڑ کی لاگت سے واٹر سپلائی کی لائن کا کام جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ گوٹھ کے ہنرمند پڑھے لکھے نوجوانوں اور خواتین کو قریبی اداروں میں نوکریاں دلواکر روزگار کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔