جیکسن پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرپرست‘ فائرنگ کرنے والوں کے بجائے متاثرین کیخلاف مقدمات وزیر داخلہ سندھ سے کارروائی کی اپیل
کراچی (کرائم رپورٹر) جیکسن کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے‘ غنڈہ عناصر نے پرامن شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے‘ جرائم پیشہ عناصر کئی افراد کے مکانوں پر قبضے کر چکے ہیں اور فائرنگ کر کے کئی افراد کو زخمی بھی کیا لیکن مقامی پولیس غنڈہ عناصر کے خلاف کارروائی کی بجائے الٹا پرامن شہریوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے گزشتہ روز علاقے کے بدنام جرائم پیشہ عناصر نے نشے میں دھت ہو کر فائرنگ کی اور سلیم اختر نامی شخص کو زخمی کر دیا لیکن پولیس نے سلطان اور مرید کے خلاف فائرنگ کی ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے زین اعوان کے خلاف پرچہ درج کر لیا جو کراچی میں موجود ہی نہیں اور دادی کی عیادت کیلئے ملتان گیا ہوا ہے۔ علاقے کے عوام نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بدنام زمانہ غنڈہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور ان کی سرپرستی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی تادیبی کارروئای عمل میں لا کر عوام کو ان کی غنڈہ گردی اور جرائم سے نجات دلائی جائے۔