مشرف پر پھول نہیں پتھر برسنے چاہئیں ، امریکی غلاموں نے ملک کو تباہ کر دیا: ساجد میر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کراچی میں پرویز مشرف کا استقبال سانحہ 12 مئی کے ذمہ داروں نے کیا،پرویز مشرف پر پھول نہیں پتھر برسنے چاہییں۔ اقتدار میں مداری اور کھلاڑی آگئے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہو گا۔ میاں نوازشریف کا راستہ روکنے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے مگر عوا م11 مئی کو ووٹ کی طاقت سے ناممکن کو ممکن بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں محب وطن اور اسلام پسند قوتوں کو آگے آنا چاہیے سیکولر امریکی غلاموں نے ملک کا ستیانا س کردیا ۔ انہوں نے پنجاب میں دسویں کے نصا ب میں ردوبدل کے اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ پنجاب حکومت کا ایکشن اچھی بات ہے تاہم اس کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرکے سزا ملنی چاہیے۔