مومن حسینی کردار کا مالک، جھکنے والا نہ بکنے والا ہوتا ہے: راغب حسین نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)علامہ گردیزیؒ جیسی عظیم المرتبت شخصیت نے جس انداز میں دین و مذہب ملک وملت کی خدمت کی ہے وہ انہی کا حصہ ہے آپ کی دینی وملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ فاطمیہ تعلیم القرآن مغلپورہ لاہور میں پیر سید طالب حسین گردیزی ؒ کے چوتھے سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ مومن وہ ہے جو حسینی کردار ادا کرے بکنے والا اور جھکنے والا نہ ہو۔ مرحوم نے ہمیشہ ہمیں یہی درس دیا۔ پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا کہ آپ کا مشن ملک میں نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھا۔ مولانا غلام محمد سیالوی نے کہا کہ علامہ گردیزی نے تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفی میں علامہ گردیزی نے بھرپور کردار ادا کیا۔ مفتی سید عاشق حسین نے کہا کہ علامہ گردیزی کی دینی، ملی اور سیاسی خدمات ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ قاری فیض احمد نقشبندی نے کہا کہ آپ نے جابر حکمرانوں کے سامنے حسینیت کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے کلمہ حق ہر دور میں بلند کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد اسحاق قادری، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔