
اقتصادی امور ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس نے 'گروپ 20 کا قرضہ معطل کرنے کے اقدام' (ڈی ایس ایس آئی ) کے تحت پاکستان کے ذمہ واجب الادا 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قرضے کی ادائیگی کو مؤخر کرنے کے معاہدے پردستخط کردیے ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اس قرضے کی ادائیگی جولائی تا دسمبر2021 کے دوران ہونا تھی تاہم معاہدے پردستخط کے بعد اب یہ قرضہ 6 سال کی مدت میں ادا کرنا ہوگا جس کے لیے سال میں دو قسطیں ادا کرنا ہوں گی، اس میں ایک سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت فرانس کے ساتھ 26 کروڑ ڈالر کا قرض مؤخر کرنے کے معاہدوں پردستخط کرچکا ہے۔