عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب اور ایران کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جن میں مشرق وسطیٰ کے دو بڑے ممالک کے درمیان ثالثی کی بغداد کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کے بعد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے تہران میں ملاقات کی اور دونوں علاقائی حریفوں کے درمیان مفاہمت کی کوشش کی۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان 2016 سے سفارتی تعلقات منقطع ہیں۔
ایران کے صدر نے عراقی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ثالثی کی کوشش کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ’ہم نے خطے کے مسائل کے حل کے لیے علاقائی رہنماؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘