آئی ایم ایف سے 'اچھی خبر' کی توقع، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور 800 سے زیادہ پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ ماہرین عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے متوقع اچھی خبر کو قرار دے رہے ہیں۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق صبح 9:45 بجے تک اسٹاک میں 450 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، صبح 10:40 بجے انڈیکس 683 پوائنٹس یا 1.66 فیصد اضافے کے ساتھ 41ہزار 734 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔
بینچ مارک انڈیکس 41 ہزار 878 پوائنٹس پر بند ہوا، جو گزشتہ روز کے کاروبار بند ہونے کی سطح 41 ہزار51 پوائنٹس کے مقابلے میں 826.78 پوائنٹس یا 2.01 فیصد زیادہ ہے۔