پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے:عمرایوب
وزیرپیٹرولیم عمر ایوب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی واحد وجہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں تیزی سے ہونے والا اضافہ ہے۔
پیٹرولیم کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کے ہمراہ ہفتے کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس روز کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک سو بارہ فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برصغیر کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں اب بھی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اسلئے حکومت نے بین الاقوامی رجحان کے مطابق قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔
وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ملک میں تیل کی قلت پیدا کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کریگی۔
ندیم بابر نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے محدود ذخیرے اور غیر قانونی پیٹرول پمپوں کی وجہ سے پیدا ہوئی۔معاون خصوصی نے کہا کہ پندرہ سو غیر قانونی پمپوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی اور ملک میں ایندھن کی دوبارہ قلت سے بچنے کیلئے قانونی اقدامات کئے جائیںگے۔