امریکہ کا تجویز کردہ مسئلہ فلسطین کا حل قبول نہیں، ملیحہ لودھی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسئلہ فلسطین کے حوالے سے دو ریاستوں کے حل کے مطالبے پر قائم ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی کو مسترد کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام مسلہ فلسطین اور ڈیل آف سینچری پر منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گول میز کانفرنس میں کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی،ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مسلہ فلسطین پر امریکی نیت میں تبدیلی دیکھ رہے ہیں پاکستان کسی بھی ایسے حل کی بھرپور مخالفت کریگا جس میں فلسطینیوں کے حقوق سلب ہوتے ہوں،مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ امریکہ کا فلسطین کے لئے تجویز کردہ حل ڈیل آف سینچری گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ہے اور یہ انشائ اللہ ناکام ہوگا، امریکہ بین الاقوامی اصول و قوانین کے بر خلاف خطے میں اسرائیل کی توسیع چاہتا ہے، اور اسی سازش کے سبب پورے ریجن میں تباہی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اس نازک صورت حال میں کنفیوز نظر آتے ہیں،انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم مسئلے پر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے دنیا کو بتا دیں کہ ہم غاصب صہیونیوں کے کسی بھی غیر قانونی عمل کی شدید مخالفت کریں گے اور فلسطینی کاز میں پاکستان اپنے مظلوم فلسطینی عوام کی ہر قسم کی حمایت جاری رکھیں گے۔