پاکستان کول سبسڈیز لینے والے4 بڑے ممالک میں شامل
لندن (وائس آف ایشیا) پاکستان 17-2016 کے دوران دنیا کے ان 4 ممالک میں شامل تھا جنہیں جی 20 ممالک سے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے لیے سبسڈیز موصول ہوئیں. رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک دہائی قبل دنیا کی بڑی معیشتوں کی جانب سے فیوزل فیول سبسڈیز کم کرنے کے وعدوں کے باوجود یہ معیشتیں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے لیے سبسڈی کو ڈبل کر رہی ہیں۔ لندن کے ایک تھنک ٹیک ’’اوورسیز ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ‘‘کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایسا کرنے سے ماحولیاتی تبدیلی پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ رواں دہائی کے دوران 2014 سے 2017 کے درمیان جی 20 ممالک کی حکومتوں نے اپنی سالانہ تقریباً 22 ارب ڈالر کی سپورٹ کو کم کرکے 10 ارب ڈالر کر دیا ہے. لیکن دوسری جانب ان ممالک نے ترقی پذیر ممالک میں کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کی تعمیر میں اپنی معاونت کو بڑھادیا، جو سالانہ 17 ارب ڈالر سے بڑھ کر 47 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔