پاکستان انڈر 19 کی دوسری کامیابی، پروٹیز کو 4 وکٹوں سے ہرادیا
جوہانسبرگ(آن لائن) پاکستان انڈر 19 ٹیم نے جنوبی افریقہ انڈر 19 ٹیم کو دوسرے یوتھ ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی،سیریز کا تیسرا میچ (آج) جمعرات کو کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے 216 رنز کا ہدف 40ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان روحیل نذیر نے 67 اور حارث خان نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، اینڈریو لو کی 91 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔پیٹرمارٹزبرگ میں کھیلے گئے دوسرے یوتھ ون ڈے میچ میں جنوبی افریقن انڈر 19 ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44 اوورز میں 215 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، اینڈریو لو کے سوا کوئی بھی بلے باز پاکستانی بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، اینڈریو لو91 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ سکورر رہے، نسیم شاہ اور اختر شاہ نے 3، 3 عامر علی نے 2 اور فہد منیر نے 1 وکٹ لی۔ جواب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کیا، کپتان روحیل نذیر اور حارث خان نے شاندار نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، روحیل 67 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے لیکن حارث نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عرفان نیازی 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کلوئٹ اور پارسنز نے دو، دو وکٹیں لیں۔ سیریز کا تیسرا میچ (آج) جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ابتدائی دو ون ڈے میچز میں شاندار فتوحات کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ تیسرا میچ جیت کر سیریز میں 3-0 کی برتری حاصل کرنے کیلئے پر جوش ہیں تاہم دوسری جانب جنوبی افریقن ٹیم بھی میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں جاندار کم بیک کرنے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔