لورالائی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام
لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گردوں کا حملہ۔ 3 مسلح افراد کی پولیس لائن میں داخلے کی کوشش ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے ناکام بنا دی۔ مزاحمت پر دو افراد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ تیسرا پولیس فائرنگ سے ہلاک۔ ایک پولیس اہلکار شہید، ایس پی سمیت 5 زخمی ہو گئے۔
صوبہ بلوچستان میں وقفے وقفے سے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ گزشتہ روز لورالائی پولیس لائن میں جہاں محکمانہ امتحان کی تیاریاں ہو رہی تھیں 3 دہشت گردوں نے گھسنے کی کوشش کی جو ڈیوٹی پرموجود اہلکاروں نے جرأت اور بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دی ورنہ بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔ پولیس کے روکنے پر 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔ اس واقعہ میں ایک اہلکار بھی شہید ہوا جبکہ ایس پی سمیت 5 اہلکار رخمی ہوئے۔ دہشت گردی کی اس کارروائی سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں بلوچستان میں سہولت کار اور محفوظ ٹھکانے میسر ہیں۔ بلوچستان میں دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانے پر لے رکھا ہے جہاں موقع ملتا ہے وہ ان پر حملہ کر دیتے ہیں۔ لورالائی میں پولیس کے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے جس بہادری کا ثبوت دیا وہ قابل ستائش ہے۔ اب صوبے کی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کو جائزہ لینا چاہئے کہ تمام تر حفاظتی انتظامات کے باوجود کن سکیورٹی لیپس کی وجہ سے دہشت گرد آسانی سے مقررہ ہدف تک پہنچ جاتے ہیں۔ ان سکیورٹی لیپس پر قابو پا کر ہی ہم دہشت گردی کی وارداتوں پر قابو پا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی نشان عبرت بنانا ضروری ہے۔ جو ان کو محفوظ ٹھکانے اور دہشت گردی کیلئے مواد و اسلحہ فراہم کرتے ہیں۔