پاناما جے آئی ٹی نے مریم نوازصاحبہ کو بھی طلب کرلیا

27 جون 2017 (19:11)

سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما دستاویزات کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازصاحبہ کوطلب کرلیا،مریم نوازصاحبہ کوتمام دستاویزات اورریکارڈ کے ہمراہ پانچ جولائی دن گیارہ بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن اورحسین نوازکو بھی دوبارہ طلب کیا ہے۔حسن نوازکو تین جولائی جبکہ حسین نواز کوچارجولائی کوصبح گیارہ بجے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی طلب کیا گیا ہے۔حسین نواز پانچ مرتبہ جبکہ حسن نوازدو بارجوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں
.
سپریم کورٹ نے دس جولائی کو پاناما معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے جے آئی ٹی کو اپنی حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق کام مکمل کرنے کے لیے جے آئی ٹی نے ہفتہ وارچھٹیاں بھی منسوخ کردیں،دوسری جانب جے آئی ٹی نے وزیراعظم نوازشریف کے کزن طارق شفیع کودوجولائی بروزاتواردن بارہ بجے دوسری بارطلب کیا ہے۔ذرائع کے مطابق طارق شفیع کی دوبارہ پیشی کے لئے جاری سمن23جون کوعرفان منگی کے دستخط سے جاری کیا گیا۔اس سے پہلے طارق شفیع نے اپنا پہلا بیان پندرہ مئی کوجے آئی ٹی کے سامنے ریکارڈ کرایا تھا.