نیازی اور زرداری حکومتوں نے ملک کو تباہ کردیا‘ جے یو آئی
لاڑکانہ(بیورورپورٹ) جمعیت علماء اسلام ضلع لاڑکانہ کی جانب سے مولانا ناصر خالد محمود سومرو کی صدارت تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خاص جی یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو،انجینئر عبدالرزاق عابد لاکھا، مولانا میر حسن الحسینی، محبت علی کھڑو، مولانا حمیداللہ سیال، مولانا طاہرخالد محمود سومرو، مولانا محمد الیاس چنہ، مولانا نصیر احمد بھٹو، مولانا عبدالجبارحیدری، مولانا جمال مصطفی تونیہ اور ضلعی مجلس عمومی کے اراکین نے شرکت کی، اس موقع پر ملکی، علاقائی صورتحال یہ بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مولانا راشد خالد محمود سومرو نے کہا کہ نیازی حکومت نے ملک کو معاشی قتل گاہ بنادیا ہے اور زرداری لیگ نے سندھ کو تباہ و برباد کردیا ہے، ہم عوام کے جائز حقوق کے حاصلات کے لئے جنگ جاری رکھیں گے۔ سندھ کی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کے لئے کوئی بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے عوام کو انکے حق دلائینگے، جمعیت علماء اسلام عوام کی حقیقی ترجمان ہے، ظلم اور ناانصافیوں کے خلاف کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام سے بنایا گیا ‘پاکستان کا مطلب لاالہ الا اللہ کے نعرے سے دیا گیا لیکن اس نعرے کو چھوڑ کر پہلے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا پھر قرض اتارو ملک سنوارنے کا نعرہ لگایا گیا اور ابھی تبدیلی کا نعرہ لگا یا آج عوام سوال کر رہی ہے کہ کیا روٹی کپڑا اور مکان عوام کو ملا‘ آج عوام بھوک کی وجہ سے اپنے بچے فروخت اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہے۔ کیا ملک کا قرضہ اتر گیا ،آج عوام آئی ایم ایف کے پاس یرغمال بنا ہوا ہے ،تبدیلی کے نعرے سے 25 سے 30 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران غربت کا نہیں بلکہ غریبوں کا خاتمہ کررہی ہے ،سندھ میں کرپشن اور لوٹ مار ،تعلیم کی تباہی،صحت اور پانی کا بدترین بحران 13 برسوں سے زرداری لیگ کی کارکردگی سے کھلم کھلا نظر آرہی ہے،ا نہوں نے کہاکہ تعلیم صحت صفائی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف جمیعت علماء اسلام سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔