انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا
لاہور( سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ سیریز کا پہلا جوڑ ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا جو 30 جولائی کو ساوتھمپٹن میں کھیلا جائیگا۔ ورلڈ کپ سپر لیگ کو لانچ کرنے کا مقصد ون ڈے کرکٹ میں مقابلے کی فضا کو قائم کرنا ہے۔ ایونٹ 2023ءمیں بھارت میں منعقد ہونے والی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راونڈ بھی ہوگا جس میں آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ سات ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کر جائیں گے جبکہ دیگر ٹیموں کو ورلڈ کپ سپر لیگ کے ذریعے میگا ایونٹ میں رسائی کا موقع ملے گا۔ ہر ٹیم کو چار چار ہوم اینڈ اوے کے تین تین میچز کی سیریز میں حصہ لینا ہوگا۔ آئی سی سی جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلر ڈائس کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ ورلڈ کپ سپر لیگ کا آغاز عالمی چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے مقابلوں سے ہونے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2023کے انعقاد میں تین سال کا وقفہ ابھی باقی ہے ایسے میں ورلڈ کپ سپر لیگ شائقین کرکٹ کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھے گی اور امید کرتے ہیں کہ کوویڈ 19 کا بھی اس کے ذریعے مقابلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان آئن مورگن کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے جو کرکٹ متاثر ہوئی تھی اس میں واپسی ہو رہی ہے۔ اور ورلڈ کپ سپر لیگ کے ذریعے ہم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹائٹل کے دفاع کی جانب اپنا سفر شروع کر رہے ہیں۔