کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والے والی ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔
کراچی کے علاقے صدر، ٹاور، یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد اور 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے اتوار سے سندھ اور بلوچستان کے وسطی وشمالی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل تک کراچی، حیدرآباد، میرپور، ٹھٹھہ اور بینظیرآباد میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل محکمہ موسمیات نے گرمی اور حبس سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے 27 اور28 جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔