عوام کی محبت سے کامیابی ملی: شجاعت، پرویز الٰہی، ظہور پیلس میں جشن
گجرات/ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے 30 فیصد پولنگ نتائج آنے پر ظہور پیلس میں این اے 68اور این اے 69، پی پی 30سے اپنی جیت کا واضح اعلان کرتے ہوئے ظہور پیلس میں جیت کا جشن بھی منایا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ کی مہربانی سے گجرات میں دونوں قومی اسمبلی کی سیٹوں پر کامیابی نصیب ہوئی ہے جس پر اللہ تعالیٰ اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں آج انشاء اللہ ہم مکمل رزلٹ آنے پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج تک ہم ماضی میں کبھی شہر گجرات سے کبھی نہیں جیتے لیکن آج پہلا دن ہے کہ عوام کی محبت کیوجہ سے کامیابی ملی انہوں نے کہا کہ گجرات، چکوال کے عوام کی دعائوں سے لیڈ ماضی سے بھی کہیں زیادہ ملی ہے عوام نے ووٹ کی پرچی سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے جسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔ علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ انتخابات صاف اور شفاف تھے، پاک فوج اور الیکشن کمیشن کو الیکشن کا ماحول پرامن بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ دونوں رہنمائوں نے گجرات میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف اندر ہوں یا باہر انتخابات میں محب وطن قوتوں کو آگے آنا چاہئے۔ ملک و قوم کے مسائل محب وطن قوتیں ہی حل کر سکتی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ووٹرز بڑی تعداد میں نکلے ہیں، الیکشن پہلی دفعہ شفاف طریقہ سے ہوتا رہا اور کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، پاک فوج کے علاوہ پولیس نے الیکشن کا ماحول پرامن بنانے کیلئے بڑا کام کیا جس پر وہ قابل تحسین ہیں۔