پولیس ملزموں کو لوڈ رکشہ میں لاد کر عدالت پہنچ گئی‘ ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار معطل

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )پہلوانوں کے شہر کی پو لیس کا انوکھا کارنامہ ، شیر جوان سرکاری گاڑی کے بجائے ملزموں کو لوڈر رکشہ پر لاد کر عدالت پہنچ گئے ، سی پی او نے ایس ایچ او سمیت تین اہلکاروں کو معطل کر دیا، تھانہ سبزی منڈی پولیس نے مختلف مقدمات میں گرفتار آٹھ ملزمان کو عدالت میں لیکر جانا تھا اس دوران تھانے میں سرکاری وین نہ ہونے کیوجہ سے شیرجوانوں نے ملزمان کو ہتھکڑیاں لگائیں اور انہیں بھیڑ بکریوں کی طرح لوڈر رکشہ میں لاد کر سیشن کورٹس پہنچ گئے ، پولیس کی زیر حراست ملزمان کی تھانے سے سیشن کورٹس تک کے انوکھے سفر کی شہری نے موبائل فون سے ویڈیو بنالی ، پولیس اہلکاروں کا موقف تھا کہ سرکاری وین کا ٹائر پنکچر تھا جس کی وجہ سے ملزمان کو لوڈر رکشے پر عدالت میں پیش کرنے کیلئے لانا پڑا ،اس بارے علم ہونے پر سی پی او عمر سلامت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنیوالے ایس ایچ او سمیت تین پو لیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے ایس پی سٹی وقارعظیم کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔