
کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔
آخری سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہدآفریدی کمر کی انجری کی وجہ سے پہلے ہی ابتدائی میچز سے باہر ہو گئے تھےجبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے تصدیق کی تھی کہ انجری کے باعث شاہدآفریدی کو جب بھی ممکن ہوا آرام دیا جائے گا ۔اب گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کوروناٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ پی سی بی کے پروٹوکول کے بعد گھر پر قرنطینہ کرینگے اوراسے 7دن کے قرنطینہ اور منفی ٹیسٹ کے بعد دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔