وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کو بات چیت اور سیاسی طریقے سے حل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم کے رہنماء امین الحق کو ٹیلفون پر رابطہ کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نےوزیراعلیٰ ہاؤس کے روڈ پر ہونے والے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ اور امین الحق کے درمیان اتفاق ہوا کہ اس واقعے کو لسانیت کا رنگ نہیں دیا جائے گا ، دونوں جانب سے لسانیت کے حوالے سے بیانات کی مذمت بھی کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں واقعے کی انکوائری کرواؤں گا، انکوائری میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے امین الحق کو نئے بلدیاتی قانون پر بات چیت کرنے کی پیشکش کی. امین الحق نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کرکے وہ جواب دیں گے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے میں زخمی ہونے والے متحدہ کے ایم پی اے صداقت حسین کو بھی فون کرکے ان کی طبیعت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں۔