حکومت پنجاب خواتین پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے: فاطمہ چدھڑ

چیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی فاطمہ چدھڑ نے کہا ہے کہ خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ خواتین کے خلاف بڑھتے تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے خواتین کو آگہی دینا بہت اہم ہے۔ وہ غیر ملکی سرکاری تنظیم بیداری کی طرف سے لاہور کے ایک سکول کی بچیوں میں سائیکل تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہی تھیں۔ انہوں نے اسکول کی بچیوں میں بائی سائیکلز تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ سائیکلوں کی تقسیم کا بنیادی مقصد ہے کہ بچیاں آسانی سے سکول جا سکیں جس سے آمدورفت کے لئے آن کا دوسروں پر انحصار کم ہو گا اور یہ اقدام ان کو بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ بیداری اور پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین اور بچیوں کو تشدد سے بچاؤ اور حفاظت کے حوالے سے سکول اور کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔