کولمبیا کے وزیر دفاع کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے وزیر دفاع کارلوس ہولمز تروجیلوو کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 69 برس تھی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا کہ انہیں کورونا وائرس کے باعث 11 جنوری کو دارالحکومت بگوٹا کے ہسپتال میں داخل کیا گیا اور 4 روز بعد پھیپھڑوں کے فعل میں شدید خرابی کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا لیکن وہ کورونا وائرس کی پیچیدگیوں کے باعث گزشتہ روز انتقال کر گئے کولمبیا کے صدر ایون ڈوکیو نے وزیر دفاع کے انتقال ، ان کی یاد اور کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کے لیے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وزیر دفاع کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی زندگی اپنے پیشے اور عوامی خدمت کی شفاف عکاس تھی۔ کارلوس ہولمز تروجیلوو 1990 سے 6 صدور کے ساتھ حکومت میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور اس دوران وزیر داخلہ، وزیر تعلیم اور کئی بار سفارتکار کے عہدے پر فائز رہے ۔ وہ 2019 میں سابق وزیر دفاعا گوئیلرمو بوٹیرو کے منشیات میں ملوث گروہ پر فوجی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی اموات کو چھپانے کی کوشش کے الزام پر مستعفی ہونے کے بعد وزیر دفاع مقرر ہوئے تھے۔