ایوان میں بل پر اپوزیشن کو حکومت سے100ووٹوں کی شکست

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ’’دعویدار‘‘ اپوزیشن قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے پر حکومت سے 10ووٹوں سے شکست کھا گئی، وزیر توانائی عمر ایوب نے ایوان سے اپوزیشن کے احتجاج اور واک آئوٹ کی ’’پیش گوئی‘‘ کردی، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے (ن) لیگ کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ یاد دلاتے ہوئے ان کے پارلیمانی اجلاس کی صدارت ’’غیر منتخب شخصیت‘‘ کے کر نے کی بات کردی۔ منگل کوڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر قبائلی رکن محسن داوڑ نے وکلا ء اور بار کونسلز ایکٹ1973ء میں مزید ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا تو حکومت کی طرف سے اس بل کی مخالفت کی گئی جس پر محسن داوڑ نے ڈپٹی سپیکر سے کہا کہ نے ایوان سے رائے لی تو رائے بل کی مخالفت میں آئی جس پر محسن داوڑ نے بل کے حامی اور مخالفین کی گنتی کا مطالبہ کیا،جس پر ڈپٹی سپیکر نے گنتی کرائی تو بل کی مخالفت میں 99اور حق میں 89ارکان نے رائے دی جس پر بل پیش نہ ہو سکا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر کی جانب سے بجلی کی قیمتوں پر ا ن کی تحریک التوا کو ایجنڈے میں شامل نہ کر نے پر احتجاج کیا گیا تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کو ان کا ’’رویہ‘‘یاد دلایا۔ راجہ پرویز اشرف نے تحریک التوا پیش کی تو وزیر توانائی عمر ایوب کھڑے ہوئے اور ڈپٹی سپیکر سے اجازت ملنے پر کہا کہ ہم اس تحریک کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس کا ہماری طرف سے جو ’’جواب ‘‘ملے گا ’’تلخ‘‘ہو گا اس کو ’’دل کھول کراور بڑے جگرے سے ‘‘سننا ہو گا۔ جس راجہ پرویز اشرف نے بھی کھڑے ہو کر جواب دیا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، جس’’زبان‘‘میں آپ بات کریں گے ،اسی ’’زبان ‘‘میں آپ کو جواب ملے گا۔ عمر ایوب پھر بولے کہ میں ’’پیشین گوئی ‘‘کرتا ہوں جب ہم جواب دیں گے اور ان کو ’’آئینہ‘‘دکھایاجائے گا تو ادھر(اپوزیشن) سے شوروغوغا ہو گا اور یہ واک آئوٹ کر جائیں گے۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نائب صدر مریم نواز کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کو ایوان میں مائیک پر’’ آئین‘‘ یاد آتا ہے، یہاں سے نکلتے ہی یہ آئین کو بھول جاتے ہیں، کل ایک ’’غیر منتخب شخصیت‘‘آپ کے100 ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرر ہی تھی اور ہمیں کہا جا تا ہے کہ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ آپ نے کل بڑی عزت دی ووٹ کو، لاکھوں ووٹ لینے والے ایک غیر منتخب شخصیت کے نیچے اس مقدس پارلیمنٹ ہائوس میں شرکت کی،اس عمارت میں ’’ووٹ کو عزت‘‘تبھی ملے گی جب منتخب ارکان کے اجلاس کی صدارت منتخب شخصیت کرے۔