اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا۔اجلاس میں آئی جی سندھ کی تقرری سمیت ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا ، جس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ آئی جی سندھ کی تقرری اورتبادلے سے متعلق طریقہ کار اور صدر اور وزیراعظم کی تنخواہوں اور مراعات ایکٹ1975میں ترمیم پر غور کرے گی جبکہ گندم کی درآمد سے متعلق ای سی سی کےفیصلے کی توثیق کرے گی۔
وفاقی کابینہ بھارت سے کیمیکل پیری کسائلین ایک بار درآمد کرنے کی منظوری دے گی اور ممنوعہ اورغیر ممنوعہ بوراسلحہ لائسنس جاری کرنے کے معاملے پر بھی غور کرے گی۔اوگرا کے وائس چیئرمین کی تقرری ، پی آئی اے بورڈ کےڈائریکٹرزکی نامزدگی اور بچوں کے حقوق سےمتعلق قومی کمیشن کےقیام کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں، اجلاس میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیرسےمتعلق وزارت ہاوسنگ کے ایم اویو کی منظوری دے جائے گی۔
وفاقی کابینہ کوادارہ جاتی اصلاحات سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ 8 اور 20 جنوری کےای سی سی اجلاسوں کےفیصلوں اور آٹھ جنوری کوکابینہ کمیٹی توانائی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی جائے گی۔