کورونا وائرس کے پھیلاﺅکو روکنے کے لیے اقدامات کے تحت تبت کے پوٹالا محل کو بند کردیا گیا

چین نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅکو روکنے کے لیے ملک بھر میں کیے گئے اقدامات کے تحت تبت کے روحانی رہنما دلائی لاما کی رہائش گاہ پوٹالا محل کو اس وقت تک بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جب تک اس سلسلے میں مزید نوٹس جاری نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ چین کی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس میں کمی کے لیے ملک بھر میں کئے گئے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ پوٹالا محل ایک تاریخی نشان اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز قدیم فن تعمیر کا ایک نمونہ ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد ثقافتی نوادرات موجود ہیں، اس محل کو 1961ءمیں اہم قومی ثقافتی یادگار کا درجہ دیا گیا۔ کورونا وائرس تبت کے علاوہ کئی صوبوں تک پھیل گیا ہے جس کا مرکز صوبہ ہیبی کا دارالحکومت ووہان ہے جس سے اب تک 56 افراد ہلاک اور 2000 کے قریب متاثر ہوچکے ہیں۔چین نے اس صورتحال کے پیش نظر تما م ٹریول ایجنسیوں کو مقامی اور بین الاقوامی ٹورز منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔