الاٹی رقبہ برائے مسلم قبرستان
مکرمی! آپ جناب کی توجہ علاقہ کے ایک دیرینہ مسائل کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں ۔ سال 1980ء میں مسلم قبرستان اسلام نگر (بھٹو نگر) کے تقریباً 12 کینال رقبہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ مسیحی قبرستان اور قادیانی قبرستان کے لیے 26-26 کینال الاٹ کر دیا گیا تھا۔ مسلم اکثریت اس علاقہ میں زیادہ تھی اور اب بھی ہے لیکن اس وقت صرف 12 کینال رقبہ ہی الاٹ کیا گیا تھا کیونکہ باقی رقبہ لیز پر دیا ہوا تھا۔ اس وقت کے ڈی سی صاحب نے کہا تھاکہ چند ماہ کے بعد یہ رقبہ خالی ہو گا آپ کو الاٹ کردیا جائے گا۔ لیکن تاحال کسی نے یہ رقبہ مسلم قبرستان کے لیے الاٹ نہ کیا۔ آبادی کے مکینوں نے اعلیٰ احکام کو درخواستیں گزاریں لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ بعد میں یہ رقبہ آشیانہ سٹی ہائوسنگ سکیم میں شامل کردیا گیا اور متعلقہ اہلکاران نے فائل کو گم کر دیا۔ اندریں حالات استدعا ہے کہ آبادی کے لئے قبرستان کا رقبہ مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میری اعلیٰ حکام اور عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ جلداز جلد اس دیرینہ مسئلہ کا حل نکالا جائے تاکہ اہل علاقہ کو میتوں کودفنانے میں پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
(مقبول احمد صدیقی (صدر) انجمن اصلاح معاشرہ اسلام نگر (بھٹو نگر) جھال روڈ ساہیوال)