’’سپیکر بلوچستان کیساتھ معاملہ حل‘ جام کمال ہی وزیراعلیٰ ہونگے‘‘ چیئرمین سینٹ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی‘ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر‘ وزیر دفاع پرویز خٹک اور سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو و دیگر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور سپیکر بلوچستان کے درمیان معاملہ حل ہو گیا ہے۔ تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے۔ جام کمال ہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔ کسی بھی مسئلے کو مل بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے۔ کوئی ایشو اتنا بڑا نہیں ہوتا۔ اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت میں کوئی مسئلہ نہیں ہم جام کمال کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پی کے میں مسائل حل ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے اتحادیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بنائی ہے۔ پارٹی ڈسپلن قائم کیا جو ناگزیر ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ہیں جتنے میڈیا بیان کر رہا ہے۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تحفظات سننے پر تمام قائدین کا شکرگزار ہوں۔ صوبے کی ترقی کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ بلوچستان مضبوط ہو گا تو پاکستان مضبوط ہو گا۔